جی این کے اردو
برہمسترا ایک بدصورت ہندی فلم
9 سال کی محنت اور 400 کروڑ سے تیار ہوئی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی فلم ‘برہمسترا’ کو نو ستمبر جمعہ کے دن دنیا بھر کے شائقین کے لیے سنیما گھروں میں ریلیز کیا گیا ۔۔۔۔ مجھے جیسے سینما اور آرٹ کے شوقین لوگوں کے لئے خوشخبری کا دن تھا۔
یقین جانئے کہ میں جب بھی کوئی کتاب پڑھتی ہوں یا کوئی فلم دیکھتی ہوں تو ایسے جیسے پہلی بار پڑھ یا کچھ دیکھ رہی ہوں تاکہ میں سمجھ سکوں کہ کتاب یا فلم کی فضا کیسی ہے اور لکھنے والا یا بنانے والا کیا کہنا چاہا رہا ہے ۔۔۔ کیا اس کہانی سے کوئی قاری اور ناظر جڑ پائے گا۔۔۔؟
‘برہمسترا’ ہندی فلم دیکھنے بعد مجھے کہنے دیجئے کہ اس فلم کو ڈوبتی ہوئی بالی ووڈ انڈسٹری کے لیے امید کی کرن سمجھا جا رہا تھا وہ غلط ثابت ہوا اور فلم بری طرح سے ناکام ہو گئی۔۔۔ اتنے بڑے سینما ہال میں بیٹھے 30 کے قریب ناظرین تک کو فلم مکمل متوجہ نہیں کر سکی کہ ہر دوسرا بندہ اپنا موبائل فون کھولے بیٹھا تھا ۔
یہ فلم 400 کروڑ کے بجٹ میں بنائی گئی ہے۔ ۔اسپیشل افیکٹس کے لئے ریلیز سے پہلے دھوم مچانے والی فلم نے ایک پل کو بھی متاثر نہیں کیا ۔
کہانی کا کوئی سرا دوسرے سے نہیں ملتا ۔ اس سے کہیں زیادہ خوبصورت روانی سے کوئی بچہ لکھ سکتا تھا۔ نیکی بدی کی لڑائی بھی نہیں کہا جا سکتا ۔۔نفرت اور محبت کی جنگ بھی نہیں۔۔ تو پھر کیا تھا ؟ ۔۔۔ کوئی نہیں جان سکا۔
یہ کہانی ایک پتھر برہمسترا کے گرد گھومتی ہے جو ہندو متھاڈولوجی میں سب سے چمتکاری پتھر ہے ۔ جس کے تین حصے ٹوٹ کر زمین پر گر گئے اور تین مختلف لوگوں کے پاس ہیں۔ جب یہ تینوں ٹکڑے مل جائیں گے دنیا ختم ہو جائے گی ۔ ۔۔ جو کہ فلم کے پہلے پارٹ میں نہیں ہوا ۔۔ اس کے لئے دو پارٹ اور ریلیز ہونگے ۔۔ خدا نہ کرے ۔
فلم دیکھبے کے بعد احساس ہوا کہانی کار نے طے کر لیا تھا کہ کہیں وہ اچھی نہ لکھ لیں۔ اسی طرح امیتابھ بچن ۔۔شاہ رخ خان ۔۔رنبیر کپور ، عالیہ بھٹ اور مونی رائے نے طے کر لیا تھا کہ کہیں بھولے سے بھی ان سے اچھی ایکٹنگ نہ ہو جائے ۔۔ اتنے کمزور ڈائیلاگ اور ان کی جذبات سے عاری ادائیگی۔۔ یقین نہیں آتا لیکن ایسا ہی ہے۔
ڈی او پی نے طے کر لیا تھا کسی کو بھی خوبصورت لگنے نہیں دے گا ۔۔ہدایت کار نو سال سوچتا رہا اس فلم کو کیسے کیسے خراب کیا جا سکتا ہے ۔۔۔ اور کامیاب رہا ۔
پروڈیوسرز کے 400 کروڑ کس بات پر لگے ۔۔حیران ہوں ۔ اسپیشل افیکٹس پر تو معاف کیجئے کا اتنے تیز اور بےترتیب رنگ اور بیک گراونڈ میوزک کو یونیک کہا جائے گا تو پلیز کہیں سے اپنا ہنر دوبارہ سیکھیں۔
برہمسترا ایک بدصورت فلم ثابت ہوئی ہے اور میں اسے ایک سٹار دونگی اور وہ بھی صرف اس لئے کہ فلم بنانے والوں کی ہمت کہ اسے مارکیٹ میں لائے۔ اور ہم جیسوں کی ہمت کہ پیسے دے کر سردرد کروا لائے۔
میں نے فلم پر گوگل پر رویو بھی لکھا جسے 6 گھنٹوں میں 56 لوگوں نے تھم اپ دیا ہے ۔ آپ خود سوچ لیجئے یہ فلم لگنے کے پہلے دن کی رپورٹ ہے۔
میں نے اتنا سخت ریویو اس لئے لکھا ہے کہ کسی فلم میکر کو حق نہیں پہنچتا اپنے پیسے بنانے کے لئے ہم سینما کے شائقین کو آرٹ کے نام پر دھوکہ دیں اور ہمارا وقت ضائع کریں ۔ ۔۔اور یہ صرف میری رائے نہیں ہے بلکہ سینما ہال سے نکلنے والے بیشتر ناظرین کی تھی جو ایک دوسرے سے یہی کہہ رہے تھے ۔
ڈاکٹر نگہت نسیم