جی این کے اردو
اردو یونیورسٹی میں جشن بہاراں کی تقریبِ تقسیم انعامات
حیدرآباد، 5 جولائی (پریس نوٹ)
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں طلبہ یونین کے پروگرام ”جشنِ بہاراں“ کا کل شام آغا حشر کاشمیری آڈیٹوریم، نظامت فاصلاتی تعلیم میں جلسہ تقسیم انعامات منعقد ہوا۔ اس موقع پر پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، پروفیسر علیم اشرف جائسی، ڈین بہبودیِ طلبہ ، پروفیسر گھنٹہ رمیش، سابق پروفیسر شعبہ تعلیم و تربیت کے ہاتھوں طلبہ، کوآرڈینیٹرس اور طلبہ یونین عہدیداروں میں انعامات و سرٹیفکیٹ کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر صدارتی خطاب میں پروفیسر عین الحسن نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جشن بہاراں کے دوران ادبی، ثقافتی اور کھیل کود مقابلوں و مظاہروں میں طلبہ کی کارکردگی نہایت ہی شاندار رہی۔ اس کے لیے طلبہ کے ساتھ ساتھ ڈین بہبودیِ طلبہ پروفیسر علیم اشرف جائسی، ان کی ٹیم، طلبہ یونین اور دیگر تمام ذمہ داران قابل مبارکباد ہیں۔ انہوں طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ جشن بہاراں کے جوش و جذبہ کو برقرار رکھیں اور اسے فراموش نہ کریں۔
طلبہ یونین مشاورتی کمیٹی کے صدر نشین پروفیسر عبدالسمیع صدیقی اور کنوینر ڈاکٹر محمد یوسف خان، پروفیسر مشتاق احمد آئی پٹیل، پرووسٹ بوائز ہاسٹلس، ڈاکٹر وقار النسائ، پرووسٹ گرلز ہاسٹلس، طلبہ یونین کے عہدیداران ابو حمزہ، محمد حارث، انعم جہاں اور وقار احمد بھی شہہ نشین پر موجود تھے۔ محترمہ عصمت فاطمہ، اسسٹنٹ ڈین بہبودیِ طلبہ نے کاروائی چلائی۔ محمد مرسلین، صدر طلبہ یونین نے کی شکریہ ادا کیا۔ ابتداءمیں جشن بہاراں کے دوران منعقد ہوئے مختلف کھیل کود اور ادبی، ثقافتی مقابلوں کی جھلکیوں اور تصاویر پر مبنی ویڈیو دکھایا گیا۔