تبصرے کتاب شناسی

تبصرے : ممتا کی ڈور۔ہم ماحول کے رکھوالے۔ماحول کی خوشبو

تبصرے

مصنف : متین اچل پوری ۔ مبصر : خواجہ کوثر حیات، اورنگ آباد(دکن) بھارت

سر زمین برار علم و ادب کی آبیاری میں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے۔اہل علم کی اس سرزمین سے علم کی ترویج کا آبشار طویل عرصے سے رواں دواں ہے۔راقم کی خوش نصیبی ہے کہ میرا تعلق بھی برار سے ہے۔
آج بتاریخ 27/ جولائی 2021 ء جناب متین اچل پوری صاحب کی تین خوبصورت کتابوں کا تحفہ موصول ہوا۔نام ہی اتنے دلچسپ ہیں کہ بے اختیار پڑھنا شروع کردیا۔ نام سے ہی تازگی وفرحت پیدا ہورہی ہے ’ممتا کی ڈور‘، ’ماحول کی خوشبو‘، ’ہم ماحول کے رکھوالے‘۔جناب متین اچل پوری صاحب کی کتابوں میں رب کائنات کی صناعی کا ذکر جا بجا ملتا ہے۔ جس میں زمین پر ایستادہ کہسار، مسلسل گھو متی زمین، بغیر ستون والا چھت نماآسمان،ٹھنڈک دیتا چاند، درخشاں ستارے، تابناک سورج،رواں دواں دریا و آبشارساتھ ہی جاندار۔جاندار میں کئی اقسام اور ان میں حضرت اشرف المخلوقات۔اشرف المخلوقات میں خصوصاً بچے۔ متین اچل پوری کی نظموں اور کہانیوں کا مرکز یہی بچے ہیں جنہیں قدرت کی صناعی کا انمول شاہکار کہا جاتا ہے۔ متین اچل پوری کا ماننا ہے کہ بچوں کی تعلیم و تربیت نہ صرف والدین، اساتذہ بلکہ معاشرہ کی بھی اولین ذمہ داری ہے۔ اور اس کار خیر کو تقریباً چار دہائیوں سے مسلسل وہ اپنی قلم کے ذریعہ انجام دے رہے ہیں۔
جناب متین اچل پوری پیشہ درس و تدریس سے وابستہ رہے۔ آپ کی اب تک 16/ کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں۔آپ نے پوری زندگی بچوں کی تعلیم و تربیت میں گذاری۔آپ بچوں کی نفسیات اور ان کی دلچسپیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان کی تعلیم و ہمہ جہت تربیت کے انداز سے بخوبی واقفیت رکھتے ہیں اور اس کا آپ نے بدرجہ اتم اپنی نظموں اورکہانیوں میں استعمال بھی کیا ہے۔آپ کی ان بے لوث خدمات کے اعزاز میں حکومت ہند نے آپ کو بطور مثالی مدرس 1990 میں نیشنل ایوارڈ سے نوازا۔
جہاں متین اچل پوری نے بچوں کو اپنی نظموں کے ذریعہ حفظان صحت کی تعلیم دی۔ انھیں بہت پیار سے درختوں کی اہمیت سے آگاہ بھی کیا۔ گلوبل وارمنگ سے واقفیت کروائی ساتھ ہی سورج کی افادیت کو دلچسپ پیرائے میں بیان کیا۔ شہاب ثاقب سے وقوع پذیر لونار جھیل کی منظر کشی کی۔ سردی میں ہوتی کپکپاہٹ و جاڑے کے موسم میں گرم کھانوں کے مزے۔ وہ دھند کی کہر کا نقشہ۔ متین اچل پوری ماحول کے توازن اور بقاء کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور اس کے لئے وہ اس ترکیب سے کچرے کی احتیاط اور پالی تھن بیگ کے نقصانات و گاڑیوں کے دھویں سے فضاء پر ہونے والے مضر اثرات،غرض زندگی کی تمام نعمتوں اور اس کو نقصان پہنچانے والی چیزوں سے شفقت و محبت سے آگاہ کروایا کہ بچے آسانی سے ان کو سمجھ سکیں۔

سائنسی معلومات، صحت مندجسم کے ساتھ بچوں کی کردار سازی اور شخصی نشوونما بھی ازحد ضروری ہیں۔ اس کیلئے بھی متین صاحب کوشاں نظر آئے۔ بچوں کے دل میں علم کی جوت جلائی،ارادوں کو پختہ اور نیک رکھنے کی تلقین کی۔ ماں باپ کا احترام لازمی بتایا اور دوست کی دوستی کی اہمیت بھی بتلائی۔ سچ اور جھوٹ کا فرق خوب ترکیب سے سکھایا۔ عید کی رونقوں کے جگنو چمکائے۔وطن سے محبت کے جذبہ کو ابھارنے کے لیے آزادی کاجشن بھی بڑے تزک و اہتمام سے منایا۔
اپنی کہانیوں سے بھائی چارگی اور ایثار کا جذبہ پروان چڑھایا۔ افادیت سے بھرپور ترکاریاں کھانا کیوں ضروری ہے، دل میں یہ بات بٹھادی۔ نظموں کی پر ترنم بندش میں بچوں کو گھر اور باہر کی سیکھ دی۔ کہانیوں میں درس و اخلاق کا نمونہ دے کر بہادر اور نڈر ہوکر زندگی کو صحیح اقدار اور مقصد پر لانے کی کوشش ہی ان کی زندگی کا حاصل و مقصد رہا۔
متین اچل پوری نے اپنی تحاریر سے نئی نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ فطرت سے بچوں کے معصوم ذہنوں کا ناتا جوڑتے ہوئے مقامی، ملکی اور بین الاقوامی سطحوں پر ہمہ جہت ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کا احساس بڑی درد مندی کے ساتھ جگایا ہے.
ان اعلیٰ مقاصد کی حصولیابی کے لیے بڑے دلآویز انداز میں قلم اٹھانے کے ساتھ قدم اٹھانے کی ترغیب دی ہے۔جس کے لیے متین اچل پوری قابل ستائش ہیں۔
بیشک متین اچل پوری ادب اطفال کا ایک بڑا نام ہے جو مسلسل اپنی کاوشوں کو کبھی نظم کی نغمگی میں پروکر تو کبھی دلچسپ کہانی کے پیرائے میں بچوں کے روبرو اس طرح لاتے ہیں کہ بچہ نہ صرف اس کے مافی الضمیرتک پہنچ جاتا ہے بلکہ اس پر عملی زندگی میں بھی خوشی خوشی کاربند ہوجاتا ہے۔ بیشک یہ کتابیں بچوں کے اندر اعلیٰ اخلاق کی ضامن اور نئے ادراک روشناس کرنے والی ہیں۔
آخر میں رب کائنات سے دعاگو ہوں کہ وہ جناب متین اچل پوری کی بچوں کی تربیت و تعلیم کی تڑپ اور ان بیش بہا کتابوں کی شکل میں کی گئی کاوشوں کا بہترین اجر عطا فرمائے۔ آمین۔

مصنف کے بارے میں

کوثر حیات

ایک تبصرہ چھ