خبریں

“کروگے یاد تو ہر بات یاد آئے گی۔۔۔۔۔۔”

یاد بشرنوازکے ضمن محفل غزل

(سیداطہراحمد کے ذریعہ)

بزمِ بشر کی جانب سے ”دلِ ناداں“ محفلِ غزل کا انعقاد

اورنگ آباد: ۱۲/دسمبر۲۰۲۱ شہرت یافتہ اردو کے شاعر مرحوم بشر نواز صاحب کے مداحوں کی جانب سے ’بزمِ بشر‘واٹس اپ گروپ نے اورنگ پورہ اورنگ آباد کے گووند بھائی شراف للّت کلا اکیڈمی میں ’دلَ ناداں‘ کے عنوان سے ایک شاندار محفل غزل منعقد کی ۔
بزمِ بشر کی جانب سے یہ 10ویں محفل تھی۔ پروگرام کو چار چاند لگانے کے لئے پونہ کے مشہور و معروف غزل گلوکار دّت پرساد راناڈے نے اپنی مخملی و سُریلی آواز اُردو اور مراٹھی شعراء کا کلام پیش کیا۔ سمیر شیوگار طبلہ پر ساتھ تھے جبکہ مکند پیٹکر نے شہنائی و موسیقی کے ذریعے اس محفل کو جاوداں بنایا۔ بزمِ بشر کے ارکان میں رکن کونسل امباداس دانوے، ڈاکٹر سہیل ذکی الدین اور ترپتی ڈگّی کر نے شمع کو روشن کر کے پروگرام کا آغاز کیا۔ابتداء محفل ”رات بھر سرد ہوا چلتی رہی،رات بھر ہم نے الاؤ تاپا“ اس غزل سے ہوئی۔ اس کے بعد ”جب تیری راہ سے ہو کر گزرے، آنکھ سے کتنے ہی منظر گزرے“، ”کروگے یاد تو ہر بات یاد آئے گی“ اور اسی طرح بشر نواز صاحب کی ایک سے بڑھ کر ایک اور عمدہ ترین غزلوں کو دّت پرساد رانا ڈے نے اپنی دلکش آواز میں پیش کیا۔ سامعین محظوظ ہوتے رہے اور داد و تحسین سے نوازتے رہے۔ ”پھر سے ہونے دو یہ آواز کی جھنکار“، ”صرف ایک ہاں کہہ دو“ اور ”اس سے زیادہ کچھ نہ چاہوں“ جیسی مراٹھی غزلوں کو بھی اورنگ آباد کے شائقین نے خوب پسند کیا اور بھر پور تالیوں سے اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ للت کلا اکیڈمی کے ہال میں اس شاندارتقریب میں لوگ بار بار ایک ایک غزل کو سننے کی فرمائش کرتے رہے۔ لاک ڈاؤن کے بعد تقریباً دو سال کے بعد اس طرح کے پروگرام سے غزل کے دلدادہ محظوظ ہوئے۔ اس پروگرام کی بہترین اور خوب صورت نظامت اور اظہار تشکر کے فرائض مہیش اچنتلوار نے ادا کئے۔

مصنف کے بارے میں

کوثر حیات

ایک تبصرہ چھ