GNK URDU April 25, 2024
گلوبل رائٹرس ایسوسی ایشن نے حافظ کرناٹکی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا
گلوبل رائٹرس ایسوسی ایشن ، اٹلی کی جانب سے اردو زبان و ادب کے نامور اور ممتاز شاعر اور ادیب ڈاکٹر امجد حسین حافظ کرناٹکی کو “لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ” سے سرفراز کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس خبر کی تصدیق ادارے کی سرپرست اعلیٰ زیب النساء زیبی اور ادارے کے صدر محمد نواز گلیانہ نے کی ہے۔
گزشتہ دو دن سے یہ خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں۔ آج اس بات کی تصدیق حافظ کرناٹکی کی طرف سے بھی ہوئی ہے جنھیں ادارے سے ایک لیٹر موصول ہوا۔ جس میں انھوں نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازنے جانے کی اطلاع دی ہے۔
حافظ کرناٹکی نے گذشتہ کئی دہائیوں سے اردو زبان و ادب کی بے لوث خدمات انجام دی ہے جس کا ثبوت مختلف موضوعات اور اصناف میں ان کی سو سے زیادہ کتابیں ہیں۔
حافظ کرناٹکی نے ادب اطفال کے میدان جو کارنامے انجام دیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں انھوں نے بچوں کے حوالے سے ستر سے زیادہ کتابیں شائع کی ہیں۔ ان کی رباعیات کی ایک کلیات”کلیات رباعیات حافظ” کے نام سے بھی شائع ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں ان کی شخصیت پر بھی کئی کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں۔
حافظ صاحب نے 15 ہزار پر مشتمل طویل اشعار کی نعتیہ نظم اور 9 ہزار سے زائد رباعیات بھی لکھی ہیں۔
انھیں ساہتیہ اکادمی نئی دہلی نے بچوں کے لیے خدمات پر “ساہتیہ اکادمی ایوارڈ” سے بھی سرفراز کیا ہے۔
حافظ کرناٹکی کو ایک بین الاقوامی یونیورسٹی اور ایک قومی یونیورسٹی نے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے بھی سرفراز کیا ہے۔
صوبہ شکاری پوری میں حافظ کرناٹکی کے ادارے کی مسلسل ادبی تقریبات کے انعقاد کی خبریں آئے دن روزناموں کی زینت بنتی ہیں مزید مختلف النوع موضوعات پر ان کے مضامین اور کالم ادب اور سماج کی مختلف جہتوں کو روشن کرتے ہیں۔
لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کے لیے انھیں ہندوستان اور بیرون ممالک کی کئی ممتاز شخصیات نے مبارک باد کے پیغامات ارسال کیے ہیں۔ سوشل میڈیا اور دیگر معتبر ذرائع پر بھی انھیں مبارک باد پیش کی جارہی ہے۔ مبارک باد پیش کرنے والوں میں پروفیسر ارتضیٰ کریم، محمد خورشید اکرم سوز ، ڈاکٹر آفاق عالم صدیقی، م
حمد اقبال حسین ، نکشب مسعود ، وصی بختیاری ، اکرم نقاش، ڈاکٹر عمیر منظر، مقبول فیروزی ، امتیاز دانش، ڈاکٹر غلام نبی کمار ، اشفاق ندنی، منظور ناڈکر ، خلیق الزماں نصرت، غضنفر علی ، مشتاق حیدر وغیرہ قابل ذکر ہیں۔