جی این کے اردو
8 / اکتوبر 2023
اردو فورم مونگیر کی ماہانہ نشست محترمہ نشاط پروین کی شاندار میزبانی میں اُنکے گھر پر بتاریخ 7/اکتوبر 2023 کو منعقد ہوئی۔فورم کے تمام اراکین کی موجودگی کے باعث نشست بے حد کامیاب رہی۔ سب سے پہلے فورم کے کنوینر ڈاکٹر ایم،اے، او، جوہر نے گزشتہ ماہ کی نشست کی روداد بیان کی۔پھر مصرع طرح کا انتخاب عمل میں آیا ۔اور پھر آگے کی کارروائی شروع ہوئی۔
حسبِ معمول نثری دور سے نشست کا آغاز ہوا ۔سب سے پہلےمحترمہ نشاط پروین نے اپنا افسانہ “دو دوست” سامعین کے گوش گزار کیا ۔جسے سبھی نے پسند کیا ۔اسکے بعد جناب رئیس الرضا نے اپنا مضمون “کونین کی دولت” سنایا۔جو نبی کریم صلی الله عليه وسلم کی حیات طیبہ پر لکھا گیا تھا ۔
اسکے بعد فورم کے رکن جناب احمد عرفان نے اپنا دلچسپ افسانہ بعنوان “بڑھاپا” پڑھا ۔جو کافی مزیدار تھا۔عرصہ بعد امریکہ سے واپس آئے فورم کے اہم رکن ابو محمدصاحب نے ایک افسانہ” آخری داؤ” پیش کیا جسے سامعین نے داد و تحسین سے نوازا ۔آخر میں ڈاکٹر اقبال حسن آزاد نے ایک افسانچہ اے ٹی ایم، سنایا۔جس سے ماحول گل وگلزار ھو گیا۔
نثری دور کے اختتام کے ساتھ شاہ مصطفوی کی خوبصورت نعت سےشعری دور کی ابتدا ہوئی۔اُنکی مترنم آواز نے سماں باندھ دیا۔
اس ماہ کے لیے مصرع طرح تھا ۔۔۔۔۔
کام آئیں گے نظر پھیر کے جانے والے
جن شعرائے کرام نے
اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا کے نام
درج ذیل ہیں :-
غیر ممکن ہے فراموش ہمیں کر دینا
ھم وہی ہیں تیرے مقتل کو سجانے والے
(پرویز اقبال)
سوچتے ہیں کہ وہ سورج کو بُجھا ڈالیں گے
اپنی پھونکوں سے چراغوں کو بجھانے والے
(رخشاں ہاشمی)
ان کے لہجے کی شرارت کوئی پہچان نہیں
دل میں روتے ہیں زمانے کو ہنسانے والے
(ڈاکٹر اقبال حسن آزاد)
سب بہل جائیں گے پھر چند حسیں نعروں سے
یاد آئیں گے کہاں جان سے جانے والے
(فیاض حسن فیضی)
جناب عطاء الحق، جناب محمود عالم، جناب احمد عرفان، جناب ایم او جوہر، جناب اقبال حسن آزاد، ڈاکٹر تسنیم احمد صدیقی، جناب رئیس الرضا، رخشاں ہاشمی، نشاط پروین، پرویز اقبال، جناب شاہ نجمی، جناب شاہ مصطفوی، جناب عبداللہ عباسی، ڈاکٹر شرافت، جناب فیاض حسن فیضی، اعجاز رحمانی اور جناب عبداللہ بخاری وغیرہ کی موجودگی نے پروگرام کو یادگار بنا دیا
اگلے ماہ کی نشست کے لئے مصرع طرح ہے -:
کچھ ایسے فرض ہیں جن کی قضا نہیں ہوتی
فورم کا اگلا پروگرام جشن سالگرہ کی صورت میں
مورخہ 4/نومبر 2023 کو شاہ فیملی ہال میں منعقد ہوگا انشاءاللہ
(رپورٹ رخشاں ہاشمی)