ادبی خبریں

المنصور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ اور قومی تنظیم کے زیر اہتمام ”ذکر تیرا بعد تیرے“ کی رسم رونمائی اور ٹاپر طلباء کو ”شکیب اکرم میموریل ایوارڈ سے نوازا گیا

دربھنگہ ( ڈاکٹر منصور خوشتر) :
گزشتہ دنوں المنصور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ اور قومی تنظیم کے زیر اہتمام مدرسہ حمیدیہ قلعہ گھاٹ، دربھنگہ کے وسیع وعریض میدان میں منعقد ہونے والے عظیم الشان پروگرام میں تین ٹاپر طلباء کو ”شکیب اکرم میموریل ایوارڈ “ سے نوازا گیا ۔
” شکیب اکرم میموریل ایوارڈ” کا قیام روزنامہ “قومی تنظیم” کے دیرینہ قلمی معاون اور ناگپور سے شائع ہونے والے ہندی /مراٹھی ہفت روزہ “لوک منچ وکتا” کے مدیر اعزازی جانے پہچانے شاعر محمد خورشید اکرم سوز اور سیدہ نزہت جہاں قیصر کے جواں مرگ فرزند محمد شکیب اکرم کی یاد میں عمل میں آیا ہے۔ شکیب اکرم ایک نہایت ہی ذہین اور مثالی طالب علم تھے ۔ ابتدائی سطح سے لے کر یونیورسٹی لیول تک ہر امتحان میں وہ نمایاں مقام حاصل کرتے رہے۔ انہوں نے 2020 میں کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی میں فرسٹ کلاس ڈسٹنکشن کے ساتھ بی۔ٹیک B. Tech مکمل کیا ۔ ان کی لیاقت کے مطابق مشہور ملٹی نیشنل کمپنی Accenture Solutions میں ان کی بحالی سافٹ ویئر انجینئر کی حیثیت سے ہوگئی تھی۔ لیکن ایک حادثے کا شکار ہوکر وہ 27 مارچ 2021 کو مالک حقیقی سے جاملے۔ شکیب اکرم دینی مزاج کے حامل اور صوم و صلاة کے پابند تھے ۔ ان کی یاد میں ہر سال چند طلباء اور طالبات کو شکیب اکرم میموریل ایوارڈ دیا جاتا ہے۔ اس مرتبہ شکیب اکرم میموریل ایوارڈ سے جن طلباء کو نوازا گیا وہ محمد اسد اللہ ولد مجیر احمد آزاد ، دربھنگہ ، سیف احمد ولد اسد احمد ، پرانی منصفی دربھنگہ ، منہاج عالم (بی ایڈ طالب علم، سیتا مڑھی) ہیں ۔

طلباء کے درمیان یہ ایوارڈ قومی تنظیم کے مدیر اعلیٰ سید اشرف فرید، ڈاکٹر ریحان غنی ، بی پی ایس سی کے سابق چیئر مین امتیاز احمد کریمی ، نالندہ یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار سید نہال احمد، سینئر صحافی اے۔ یو۔ آصف (دہلی) ، پروفیسر محمد آفتاب اشرف (سابق صدر شعبہء اردو ،یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ آف اردو، دربھنگہ) ،انظار احمد ہاشمی، ڈاکٹر سید ظفر آفتاب حسین، انور آفاقی ، انور باری (سعودی عرب ) ، نذر عالم (قومی صدر آل انڈیا بیداری کارواں ) ، ڈاکٹر منصور خوشتر ، ڈاکٹر احسان عالم اور مجاہد الاسلام (لکھنو) کے ہاتھوں دیا گیا۔

اس موقع پر کثیر تعداد میں سامعین کی موجودگی رہی۔ اسی دن شکیب اکرم کی یاد میں ترتیب شدہ تعزیتی تحریروں کے مجموعہ ”ذکر تیرا بعد تیرے“ کا رسم اجرا بھی ڈاکٹر منصور خوشتر ، انور آفاقی ، حلیم صابر ، اشرف یعقوبی اور ڈاکٹر احمد معراج جیسی مقتدر ادبی شخصیات کے ہاتھوں عمل میں آیا۔

مصنف کے بارے میں

GNK Urdu

ایک تبصرہ چھ