جی۔این۔کے اردو، 25/جنوری 2024
معروف ادیب، محقق اور شاعر ڈاکٹر ساحل احمد کا انتقال
اردو کے معروف ادیب، محقق، شاعر اور افسانہ نگار ڈاکٹر ساحل احمد، نئی دہلی کے ہولی فیملی ہسپتال میں آج صبح (25 جنوری 2024) انتقال کرگئے۔ ان کی عمر تقریباً 86 برس تھی۔ وہ کئی برسوں سے بیمار تھے لیکن ایک ماہ قبل طبیعت بگڑنے لگی تو ان کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ ان کو تقریباً 28 دنوں سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ وہ 21 اپریل 1938 کو الٰہ آباد میں پیدا ہوئے۔ علی گڑھ اور الٰہ آباد میں تعلیم حاصل کی۔ یوئنگ کرسچین آٹونامس کالج، الٰہ آباد یونیورسٹی، الٰہ آباد کے شعبہ اردو کے صدر اور ریڈر کی حیثیت سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ پس ماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی سعدیہ ہیں۔ ان کی تدفین بعد نماز مغرب اوکھلا کے بٹلہ ہائوس قبرستان میں عمل میں آئے گی۔ ڈاکٹر ساحل احمد نے اردو زبان و ادب کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ان کی کم و بیش 90 کتابیں شائع ہوئیں۔ ان کی کتابوں سے ادب کے طلبا اور ریسرچ اسکالرز نے بے پایاں استفادہ کیا جس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت فرمائے۔ آمین!
(محمد عمران قنّوجی)