جی این کے اردو، 20 مئی 2023
غزل
……….
اقبال حسن آزاد
………..
حقیقت ہے یہ افسانہ نہیں ہے
مجھے لوگوں نے پہچانا نہیں ہے
کسی کو اس کے ظاہر سے نہ تولیں
پرکھنے کا یہ پیمانہ نہیں ہے
اگرچہ وہ سدا رہتا ہے گم سم
مگر لوگو! وہ دیوانہ نہیں ہے
جہاں جمتی تھی محفل دوستوں کی
وہاں پر اب وہ میخانہ نہیں ہے
کشش باقی نہیں اب روشنی میں
حضورِ شمع پروانہ نہیں ہے
یہ دنیا وہ جوا خانہ ہے جس میں
فقط کھونا ہے کچھ پانا نہیں ہے
جو دل میں ہے اسے اقبال کہہ دو
کسی موقع پہ شرمانا نہیں ہے