ادبی خبریں

شعبہ اردو بنارس ہندو یونیورسٹی میں سہ ماہی ادب سلسلہ کے خصوصی شمارہ ’نئی نسل نئی فکر‘ کا اجرا

جی این کے اردو

3/جولائی 2022

شعبہ اردو بنارس ہندو یونیورسٹی میں سہ ماہی ادب سلسلہ کے خصوصی شمارہ ’نئی نسل نئی فکر‘ کا اجرا


ادب سلسلہ کا موجودہ شمارہ ’نئی نسل کی تخلیقی و تنقیدی فکر کا ترجمان ہے….. پروفیسر آفتاب احمد آفاقی

وارانسی، 25/جون(پریس ریلیز):

شعبہ اردو بنارس ہندو یونیورسٹی میں اردو کا مشہور رسالہ ’ادب سلسلہ‘ کے خصوصی شمارہ’’نئی نسل نئی فکر‘‘کا اجرا عمل میں آیا۔ اس موقع پر صدر شعبہ اردو پروفیسر آفتاب احمد آفاقی نے کہا کہ سابقہ شمارے کی طرح یہ شمارہ بھی معیاری ہے، اس کی ترتیب و تنظیم میں مدیر رسالہ نے بطور خاص دلچسپی لی ہے۔ یہ شمارہ اس لحاظ سے بھی قابلِ توجہ ہے کہ اس میں نئی نسل کی تخلیقی و تنقیدی بصیرت، نئی نسل کے نمائندہ فن کاروں کے علاوہ بعض جدید افسانہ نگاروں اور ناول نگاروں کے تعلق سے سیر حاصل گفتگو کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ’گوشہئ ساحر لدھیانوی‘ کے تحت ساحرؔ کی تخلیقی نگارشات کا بھرپور جائزہ لیا گیا ہے۔ اسی طرح اس میں شامل مضامین،افسانے، غزلیں اور نظمیں معاصر تخلیقی رویوں کا علم بہم پہنچاتی ہیں۔ اسی طرح ’یادِ رفتگان‘ کے تحت لکھے گئے مضامین فراغ روہوی اور مشرف عالم ذوقی کی شخصیت اور فن کی مختلف جہتیں کھولتے ہیں۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں جہاں ایک طرف پختہ قلم کاروں کو جگہ دی گئی ہے وہیں نئی نسل کے ابھرتے ادبا و شعرا کی نگارشات شاملِ رسالہ ہے۔ علاوہ از ایں ’مذاکرات‘ کے عنوان کے تحت تقریباًڈھائی درجن نمائندہ اور مبتدی قلم کاروں سے معاصر شعرو ادب کی صورت حال پر گفتگو کی گئی ہے جس کے مطالعے سے موجودہ دور کے تخلیقی، تنقیدی اور تحقیقی رویوں کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ یہ مذاکرات اس لیے بھی اہم ہے کہ نئی پرانی نسلوں کے طرزِ فکر کی روشنی میں ہم اپنے معاصر ادبی سرمائے کا نہ صرف پتا لگاتے ہیں بلکہ اس کے معیار کا احتساب بھی کرتے ہیں۔

اس موقع پر مدیر سہ ماہی ادب سلسلہ محمد سلیم علیگ نے شعبہئ اردو کے اساتذہ اور رسرچ اسکالر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبے نے ادب سلسلہ کو معیاری بنانے اور اس کی ترویج و اشاعت میں ہمیشہ دلچسپی لی ہے۔ اجرا کے اس موقع پر شعبہ کے استاد ڈاکٹر مشرف علی اور دیگر رسرچ اسکالر محمد سفیان، شمشیر علی، شاہنواز، حسرت، محمد اعظم اورمحمدعامر کے ساتھ دیگرطلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔

مصنف کے بارے میں

GNK Urdu

ایک تبصرہ چھ