ادبی خبریں

سوشل کالج شولاپور میں توسیعی خطبات اور محفل غزل کا انعقاد

سولاپور (نمائندہ خصوصی)


سوشل کالج شولاپور، مہاراشٹر کے شعبۂ اردو کے زیر اہتمام توسیعی خطبات کا انعقاد کیاگیا، جس میں مختلف جامعات سے آئے ہوئے ممتاز اساتذہ، محققین اور شعرائے کرام نے شرکت کی۔ اس علمی نشست میں زبان و ادب کے ارتقاء، موجودہ صورتحال اور نوجوانوں میں فکری بیداری جیسے اہم موضوعات پر پرمغز خطبات پیش کیے گئے۔

پروگرام کا آغاز شعبہ اردو کے نائب صدر ڈاکٹر غوث احمد شیخ کی نظامت اور پُراثر استقبالیہ تقریر سے ہوا۔ انہوں نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس علمی نشست کی اہمیت پر روشنی ڈالی.
توسیعی لکچر سیریز کی پہلی مقرر ڈاکٹر دیشمکھ افشاں بیگم، صدر شعبۂ ہندی، کے بی این یونیورسٹی گلبرگہ تھیں۔ انہوں نے “ہندی زبان کی موجودہ اہمیت اور اس کا ارتقاء” کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندی زبان نے مختلف خطوں کی ثقافتوں کو جوڑنے میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے لسانی ہم آہنگی کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں زبانوں کے درمیان دیوار نہیں بلکہ پل بنانا چاہیے۔

اس کے بعد ڈاکٹر میمونہ بیگم سرڈگی، اسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ اردو، خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی گلبرگہ نے اردو زبان کے ارتقائی سفر پر خطاب کیا۔ انہوں نے اردو زبان کی جڑوں کو تاریخی سیاق و سباق میں بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اردو نہ صرف ایک زبان بلکہ تہذیبی علامت ہے، جس نے صدیوں سے مختلف قوموں، ثقافتوں اور مذاہب کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا کام کیا ہے۔

تیسرے خطیب ڈاکٹر سلمان عبدالصمد، اسسٹنٹ پروفیسر، کے بی این یونیورسٹی گلبرگہ نے “نوجوانوں میں فکری بلندی اور بلند پروازی” کے عنوان پر خطاب کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو فکری آزادی، تخلیقی سوچ اور علمی میراث سے جڑنے کی تلقین کی۔ انھوں نے بچپن کے واقعات اور شعرا کے کلام سے اپنی بات مدلل کی.

جبکہ امین بیجاری پوری، لیکچرار شعبہ اردو بیجاپور یونیورسٹی نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ ان کے اشعار میں زندگی کا گہرا شعور، سادگی اور فکری بالیدگی کا حسین امتزاج نظر آیا۔

پروگرام کی صدارت سوشل کالج، شولاپور کے پرنسپل ڈاکٹر اقبال تامبولی نے فرمائی۔ اپنے صدارتی کلمات میں انہوں نے کہا کہ ایسی علمی و ادبی نشستیں طلبہ اور اساتذہ دونوں کے لیے نئی سوچ کے دروازے کھولتی ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقادر بیجا پور ی نے شکریہ کی رسم ادا کی اور حافظ خواجہ معین الدین نے قرات کلام پاک کی. توسیعی خطبات میں کالج کی طالبات وطلبا کثیر تعداد میں موجود تھے. 


مصنف کے بارے میں

GNK Urdu