جی این کے اردو نیوز
- کے۔ بی۔ این ۔ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے تحت منعقدہ بین المدارس نعت خوانی مقابلہ 2024ء کا نہایت تزک و احتشام سے انعقاد
از : خواجہ کوثرحیات
؍ ستمبر 2024ء کے ۔بی۔ این۔ ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر14 سوسائٹی اورنگ آباد کے تحت شہر میں ایک عظیم الشان بین المدارس نعت خوانی مقابلے کا انعقاد بمقام آگزین انگلش اسکول، نزد جنسی پولیس اسٹیشن ، اورنگ آباد عمل میں آیا۔ جس میں تقریبا 27مدارس سے 55طلبہ نے پرجوش شرکت کی۔ تقریب کا آغاز ننھی طالبہ لیبا انعم نے سورہ رحمن کے ایک رکوع کی تلاوت سے کیا۔ اس کے بعد پروگرام کی کنویز صدر معلمہ خواجہ کوثر نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ ساتھ ہی پروگرام کی غرض و غایت بتاتے ہوئے شرکاء طلبہ کو مقابلہ کے ضوابط سے آگاہ کیا۔ مولانا مفتی عمران صاحب نے نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ کی سیرت مبارکہ اوراوصاف حمیدہ پر سیر حاصل معلومات فراہم کی۔ سوسائٹی کے چیئر مین جناب قاضی توفیق احمد صاحب نے اپنی مخاطبت میں سوسائٹی کے نصب العین اورمقاصد کو پیش کرتے ہوئے آج کی موجودہ صورتحال میں تعلیم کی ضرورت اوراہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے سرپرستوں اورطلبہ کو تعلیم کے لیے صحیح لائحہ عمل بنانے کی تلقین کی۔
مہمان خصوصی جناب محمد شاکر عبد العظیم نے اسلام کے آخری پیغمبر حضرت محمد ﷺ سے والہانہ عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے تقریر کی اورمقابلے کے انعقاد اور تعلیمی امور میں سوسائٹی اورذمہ داران سوسائٹی کی کوششوں کو سراہا۔ بین المدارس نعت خوانی مقابلہ میں ججز کے فرائض جناب قاری سید فاروق احمد، قاری مختار احمد شیخ اور قاری سید محمد زیاد نے ادا کیے۔ شرکاء نعت خوانوں کے ذریعہ پیش کیے گیے نعتیہ کلام میں سے تین طلبہ کا بہترین نعت خوانی پر انتخاب عمل میں آیا۔ انعام اول کے حقدار بنے ماسٹر سید ابو طلحہ متعلم ،الفلاح انگلش اسکول اسی طرح دوسرے نمبر پر معین العلوم ارد وہائی اسکول کی طالبہ عفراء خان سرور اورمعین العلوم اردو ہائی اسکول ہی کی طالبہ صفورا فیاض الدین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جیتنے والے تین بہترین نعت خواں طلبہ کو صدر سوسائٹی جناب قاضی توفیق احمد صاحب کے دست مبارک سے سر ٹیفکیٹ ، ٹرافی اور نقد انعامات بالترتیب 5000روپئے، 3000روپئے اور2000روپئے دے کر اعزاز کیا گیا۔ساتھ ہی تمام شرکاء طلبہ کو مہمانان کے ہاتھوں توصیفی سند و تحائف سے نوازا گیا۔ اسی تقریب میں صدر سوسائٹی کے جانب سے عظیم ڈی۔ ایل ۔ ایڈ کالج کے طلباء میمونہ، شیخ ریحانہ،مومن الماس اورندیم باغبان کو بہترین کارکردگی پر نقد انعامات دئیے گئے۔ کالج کی انچارج محترمہ آفرین صاحبہ نے یکے بعد دیگرے سابقہ اور حالیہ طلبہ کے بہترین نتائج کے حصولیابی اوردیگر سرگرمیوں پرانعامات حاصل کرنے والے طلبہ کے ناموں کا اعلان کیا۔ صدرسوسائٹی کے ہاتھوں ان طلبہ کو اسنادات اور میڈل دئیے گئے۔
پروگرام کااختتام سوسائٹی کی وائس چیئر پرسن محترمہ ڈاکٹر قاضی نعیم سلطانہ کے شکریہ کے کلمات کے ساتھ ہوا۔ نظامت کے فرائض بحسن و خوبی عظیم ڈی ایل ایڈ کالج کی طالبات ریحانہ شیخ اور مومن الماس نے انجام دیے۔ صدر سوسائٹی کی جانب سے تمام شرکاء طلبہ، مہمانان اور اساتذہ کے لیے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد میں صدر سوسائٹی جناب قاضی توفیق احمد صاحب، ڈاکٹر قاضی نعیم سلطانہ، صدر مدرسین اورتدریسی وغیر تدریسی عملہ کی پوری ٹیم کی ا نتھک کوششیں اور کاوشیں کارفر مارہی۔
…….