جی این کے اردو، 14 فروری 2022
الہ آباد 14 فروری (عاصم شہنواز شبلی):
ابھی ابھی اطلاع ملی ہے کہ مشہور و معروف ناقد اور پربہار شخصیت کے مالک جناب پروفیسر علی احمد فاطمی کی طبیعت اچانک خراب ہوگیُ ہے اور سرسوتی نرسنگ ہوم کےخاص نگہداشت والے وارڈ (ICU) میں انہیں رکھا گیا ہے۔
گزشتہ کل شام شہر الٰہ آباد کے ”اردو گھر“ میں ایک شعری نشست کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں فاطمی صاحب خصوصی طور پر شریک ہوئے تھے۔ وہاں انھوں نےفیض احمد فیض کے حوالے سے گفتگو کی اور ان کی ایک نظم بھی سنائی۔ شعری دور میں ابھی دوچار شاعروں نے ہی اپنا کلام سنایا تھا کہ اچانک انھیں گھبراہٹ کا احساس ہوا اور قلب میں ہلکا ہلکا درد بھی محسوس ہونے لگا۔ انھوں نے پاس بیٹھے اپنے شاگرد ڈاکٹر نفیس عبدالحکیم سے کہا کہ مجھے گھر لے چلیں۔ گھر پہنچ کر تکلیف میں مزید اضافہ ہوگیا۔ ڈاکٹروں سے رجوع کیا گیا۔ انھوں مختلف ٹسٹ کرنے کے بعد مشورہ دیا کہ حالات سنگین ہیں، انھیں جلد از جلد کسی اسپتال میں داخل کردیں۔ فاطمی بھائی کی بیٹی اور ان کے شاگرد انھیں الہٰ آباد کے سرسوتی نرسنگ ہوم لےگئے جہاں انھیں آئی سی یو میں منتقل کردیا گیا ۔ابھی بھی حالات نارمل نہیں ہوئے ہیں۔ احباب سے دعا کی درخواست ہے۔ اللّہ فاطمی بھائی کو صحتِ عاجلہ و کاملہ عطا کرے اور وہ بخیر خوبی گھر لوٹ آئیں۔