(سیداطہراحمداورنگ آباد (دکن) کے ذریعے)
سنیچر یکم جنوری ۲۰۲۲ء کی شام شاعر ادیب اور کوئیز ٹائم ممبئی کے چیئرمین حامد اقبال صدیقی نے اپنی رہائش گاہ واقع میرا روڈ پر ڈاکٹر عبداللہ امتیاز صدرشعبۂ اردو ممبئی یونیورسٹی کے اعزاز میں شاندار شعری نشست اور پُر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر ممبئی یونیورسٹی کی ریسرچ گائیڈ اور بی این این کالج بھیونڈی کی صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر رونق رئیس کو بھی استقبالیہ دیا گیا۔ تقریب کی صدارت نامور شاعر شمیم عباس نے فرمائی۔زاہدہ حامد اقبال صدیقی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اردو چینل کے مدیر ڈاکٹر قمر صدیقی نے مہمانوں اور شعرا کا تعارف پیش کیا
انھوں نے بتایا کہ اس تعلیمی سال میں ممبئی یونیورسٹی کے تمام زبانوں کے شعبوں سے زیادہ نئے داخلے شعبۂ اردو میں ہوئے اور یہ ڈاکٹر عبداللہ امتیاز ہی کی کوششوں اور منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ ڈاکٹر کلیم ضیا سابق صدر شعبۂ اردو اسماعیل یوسف کالج، ڈاکٹر تابش خان، کریئر کونسلر اخلاق احمد شیخ (کاوش) اور بیگم عبداللہ امتیاز نے خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے شرکت فرمائی۔شعری نشست میں شمیم عباس، ڈاکٹر کلیم ضیا، حامد اقبال صدیقی، عبید اعظم اعظمی، ڈاکٹر قمر صدیقی، ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر، علیم طاہر اور ڈاکٹر عبدالرحمان شہباز نے اپنا کلام پیش کیا