ادبی خبریں

پروفیسر شیخ عقیل احمد کے ہاتھوں ایس ٹی رضا کی کتاب ‘تفہیمات’ کا اجرا

جی این کے اردو

25/جون 2022

پروفیسر شیخ عقیل احمد کے ہاتھوں ایس ٹی رضا کی کتاب ‘تفہیمات’ کا اجرا

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی کے صدر دفتر میں ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد کے ہاتھوں روزنامہ دور جدید کے مدیر ایس ٹی رضا کے تنقیدی مضامین اور تبصروں کے مجموعے ‘تفہیمات’ کا اجرا عمل میں آیا۔ اس موقعے پر شیخ عقیل نے مصنف کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس کتاب کے مشمولات قابلِ مطالعہ ہیں اور اپنے موضوعات کا بھرپور احاطہ کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایس ٹی رضا نے جن فن کاروں اور تخلیق کاروں کو موضوعِ تحریر بنایا ہے وہ اپنے تخلیقی و فنی میدانوں میں غیر معمولی اہمیت و شہرت بھی رکھتے ہیں ،مگر ابھی ان میں سے بیشتر کے بارے میں زیادہ نہیں لکھا گیا ہے،ایس ٹی رضا نے ان کے فکر و فن کا جائزہ لے کر ان کی خدمات کے اعتراف کا اچھا سلسلہ شروع کیا ہے۔شیخ عقیل نے مصنف کی تنقیدی بصیرت،تجزیاتی لیاقت اور فن کو پرکھنے کی غیر معمولی صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان مضامین کو پڑھ کر متعلقہ فن کاروں کے حوالے سے کئی نئے زاویےہمارے سامنے آتے ہیں اور ہماری معلومات و بصیرت میں اضافہ بھی ہوتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس کتاب میں جن تخلیق کاروں پر مضامین شامل ہیں ان میں سلام مچھلی شہری،زبیر الحسن غافل،پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی،مشرف عالم ذوقی،تبسم فاطمہ،ڈاکٹر سید احمد قادری،اسلم جمشیدپوری،شکور انور،ابرار احمد شبیری کامل،حبیب سیفی اور امیر نہٹوری شامل ہیں۔ان کے علاوہ چھ کتابوں پر مصنف کے تبصرے بھی اس کتاب کا حصہ ہیں۔کتاب کے مصنف ایس ٹی رضا نے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ کتاب دراصل وقتاً فوقتاً لکھے گئے میرے مضامین اور تبصروں کا مجموعہ ہے جنھیں افادۂ عام کے لیے کتابی شکل میں مرتب کیا گیا ہے ۔اس موقعے پر معروف شاعر طالب رامپوری،سندھی اخبار سمواد کے چیف ایڈیٹر شری کانت بھاٹیا،صداے انصاری کے انصاری اطہر حسین اور مبشر عالم وغیرہ موجود رہے۔

مصنف کے بارے میں

GNK Urdu

ایک تبصرہ چھ