جی این کے اردو، 4 / جون 2023
اردو فورم مونگیر کی یادگار طرحی ادبی نشست
اردو فورم مونگیر کی ماہانہ نشست مورخہ 03 جون 2023 کو اس فورم کے نئے ممبر جناب عبداللہ عباسی کی میزبانی میں انکے کے دولت کدہ پر منعقد ہوئی ۔ماشاءاللہ نشست کے تمام اراکین کی موجودگی نے پروگرام میں چار چاند لگا دیا ۔ سب سے پہلے اردو فورم کے کنوینر ام اے جوہر کو انکی دختر کی شادی کی مبارکباد پیش کی گئی ۔تمام اراکین نے جناب راشد طراز کی صحتیابی کی بھی مبارکباد انہیں دی۔اس کے بعد نثری دور سے نشست کا آغاز ہوا ۔
پہلے دور میں رئیس الرضا نے اپنا افسانہ پیش کیا ۔اسکے بعد محترمہ نشاط پروین نے اپنا افسانہ نادانی سنایا ۔جسے سامعین نے کافی پسند کیا ۔
دوسرے دور میں جناب مصطفوی صاحب کی شاندار نعت سے شعری دور کی ابتدا ھوئی ۔انکی مترنم آواز نے سماں باندھ دیا ۔
اس ماہ کے لئے مصرعہ طرح تھا:-
وہ چشمہ ہوں کہ پتھر سے اُبلنا چاہتا ہوں میں
سبھی اراکین نے ایک سے بڑھ کر ایک کلام سنائے۔پروفیسر راشد طراز، جناب اقبال حسن آزاد، شاعرہ رخشاں ہاشمی، جناب پرویز اقبال، فیاض حسن، مجتبٰی مہر، نے اپنے اپنے طرحی کلام کو پیش کیا جسے سامعین و تمام اراکین نے بے حد سراہا ۔پسند کیے گئے اشعار حسبِ ذیل ہیں -:
میں ایک لمبی بلا نوشی سے آیا ہوں نکل کر دوست
تمھارے ساتھ رہ کر اب سنبھلنا چاہتا ہوں میں
(راشد طراز)
کسی کے کہنے سننے سے کہاں کوئی بدلتا ہے
بڑا نادان ہوں دنیا بدلنا چاہتا ہوں میں
(اقبال حسن آزاد )
حصارِ ذات سے باہر نکلنا چاہتی ہوں میں
مرے ہمدم ترے پیکر میں ڈھلنا چاہتی ہوں میں
(رخشاں ہاشمی)
گزارا زندگی کرنے کی صورت ہے یہی پرویز
اب اپنے غم سے ہی ہر پل بہلنا چاہتا ہوں میں
(پرویز اقبال)
سامعین کرام میں جناب حیات احمد، تمیز احمد،احمد عرفان ،شاہ مصطفوی،فیاض حسن فیضی، پروفیسر نیازی،احتشام عالم، ڈاکٹر شرافت نے نشست کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔اور سبھوں کو مبارک دی۔پر لطف اور لذیذ عشائیہ کے بعد نشست کا اختتام ھوا۔
اگلی نشست جناب ڈاکٹر شرافت کی میزبانی میں مورخہ 8جولائی 2023 کو انکے مسکن پر منعقد ھوگی انشاءاللہ
جسکے لئے مصرعہ طرح ہے:-
مجھ سے اچھے تو شبِ غم کے مقدر نکلے